اسلامی ترقیاتی بینک کا چار روزہ اجلاس اختتام پذیر ہوگیا

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اسلامی ترقیاتی بینک کا 4 روزہ گولڈن جوبلی اجلاس ختم ہو گیا ہے۔
اجلاس کے دوران اسلامک کارپوریشن فار ڈویلپمنٹ (ICD) نے ترقیاتی ممالک میں نجی شعبے کی بہتری کے لیے 11 معاہدوں پر دستخط کیے۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے اہم ترین اجلاس میں ترقی پذیر ممالک کے لیے تاریخی اقدامات کے تحت 6 ہزار 486 ارب ڈالر کے 53 معاہدے بھی طے پائے۔
معاہدوں کا مقصد ترقی پذیر ممالک میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ آئی سی ڈی نے افریقی ملک آئیوری کوسٹ کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لیے 15 ملین یورو کے مالیاتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں تاکہ لوگوں کو بااختیار بنایا جا سکے اور نجی شعبے کی ترقی کو آسان بنایا جا سکے۔
کیمرون میں بینکنگ سیکٹر اور کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے 10 ملین یورو کے دو معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔