پیپلز پارٹی کا وفاقی حکومت میں شمولیت کا فیصلہ، 8 وزارتیں ملنے کا امکان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اہم اتحادی پاکستان پیپلز پارٹی نے دو صوبوں میں گورنرز کی تعیناتی کے بعد وفاقی حکومت میں شامل ہونے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
پیپلز پارٹی کو 8 وزارتیں ملنے کا امکان ہے تاہم وزارتوں کے انتخاب اور تعداد کے حوالے سے حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
اگرچہ اسلام آباد میں پارٹی کے اہم ذرائع سے پی پی پی کی وفاقی حکومت میں شمولیت کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان یا تصدیق نہیں ہوئی ہے
، تاہم اس فیصلے کو کسی صورت خارج از امکان قرار نہیں دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پیشرفت گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد سامنے آئی۔
بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دونوں صوبوں کے گورنرز کی نامزدگی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ مسلم لیگی ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دی۔ بعض وزارتوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔