سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی شدت برقرار، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کمی

ملک کے دو صوبوں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں رات گئے بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے جب کہ سندھ اور بلوچستان میں گرمی کی لہر بدستور برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 35 ڈگری تک گرمی 40 ڈگری تک محسوس کی گئی جب کہ لاہور میں گرمی کی شدت میں کمی کے بعد درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کا تربت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین شہر رہا جب کہ ڈیرہ غازی خان، سکھر اور مٹھی میں 41 اور سبی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
جنوبی پنجاب، ملتان اور بہاولپور جب کہ سندھ حیدرآباد اور نواب شاہ میں پارہ 39 ڈگری تک رہا، آزاد کشمیر میں سماہنی اور مظفرآباد سمیت بعض دیگر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار رہا۔