ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں پیشرفت کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت میں 6.2 فیصد کمی ہوئی ہے جس کے بعد یہ 96 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ برطانوی کروڈ آئل 5.5 فیصد سستا ہو کر 103 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا ہے۔
دوسری جانب عالمی اسٹاک مارکیٹس میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔ جنوبی کوریا کی اسٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں تقریباً 5.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شنگھائی اسٹاک مارکیٹ میں بھی ڈیڑھ فیصد بہتری آئی ہے۔
مزید برآں جاپان، ہانگ کانگ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور ملائیشیا کی اسٹاک مارکیٹس میں بھی تیزی کا رجحان برقرار ہے، جو عالمی معاشی فضا میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔