پی سی بی کے وضاحتی نوٹس کے بعد قومی سلیکٹر نے عہدے سے استعفیٰ دیا، نوٹس پیریڈ شروعانگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں انتظامی اور ٹیم مینجمنٹ کی سطح پر تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی دوران قومی سلیکٹر مصباح الحق نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق کا استعفیٰ دینے کے بعد نوٹس پیریڈ شروع ہوگیا ہے۔ ان کے مستعفی ہونے کی بڑی وجہ پی سی بی کی جانب سے جاری کیا جانے والا وضاحتی نوٹس قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے قومی سلیکٹرز سے امام الحق اور محمد رضوان کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے پر وضاحت طلب کی تھی۔ 
بورڈ نے سلیکٹرز سے دونوں کھلاڑیوں کے انتخاب کے معیار اور ان کی کارکردگی سے متعلق 24 گھنٹے میں جواب مانگا تھا۔پی سی بی کی جانب سے وضاحت طلب کیے جانے کے بعد مصباح الحق کے استعفے نے کرکٹ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ میں پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو مسلسل دو میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا،۔
جس کے بعد قومی ٹیم اور مینجمنٹ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔پی سی بی نے دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیسٹ اسکواڈ سے 7 کھلاڑیوں کو بھی ریلیز کردیا، جن میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پی سی بی نے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ٹیم سے ریلیز کردیا ہے۔قومی ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور بورڈ کی جانب سے کیے جانے والے فوری فیصلوں کے بعد پاکستان کرکٹ کے معاملات میں مزید تبدیلیوں کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔