برمنگھم: پاکستان ریڈ بال ٹیم کے عبوری کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے متوازن اسکواڈ تشکیل دینا ہدف ہے، گزشتہ چند روز کھلاڑیوں کی آمد و روانگی کے باعث چیلنجنگ رہے، تاہم اب تمام کھلاڑیوں کی توجہ اگلے ٹیسٹ پر مرکوز ہے۔
برمنگھم میں قومی کرکٹ ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ گزشتہ چند دن کھلاڑیوں کے آنے اور جانے کی وجہ سے مشکل رہے، تاہم تیسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کی تیاری پر مکمل توجہ مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال پاکستان ریڈ بال ٹیم کے عبوری کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
وہ جاپان میں ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں موجود تھے، تاہم لاہور پہنچنے پر انہیں ریڈ بال ٹیم کی عبوری کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے کی درخواست کی گئی۔مائیک ہیسن نے واضح کیا کہ وہ ریڈ بال ٹیم کی سلیکشن کا حصہ نہیں ہیں، جبکہ وائٹ بال ٹیم کی کوچنگ اور سلیکشن کے معاملات میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تیسرے ٹیسٹ کے لیے متوازن اسکواڈ تشکیل دینا اولین ہدف ہے۔ نئے نوجوان کھلاڑی اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں، جن کی شمولیت سے پاکستان کا بولنگ اٹیک مزید بہتر دکھائی دے گا۔مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ انہیں ان کھلاڑیوں کے ریلیز کیے جانے کی وجوہات کا علم نہیں جنہیں اسکواڈ سے باہر کیا گیا ہے۔