خانیوال: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے 15 صوبے بنانے کی بات درست نہیں، جبکہ ملک میں موجودہ صوبائی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔
خانیوال میں جے یو آئی (ف) کے رہنما علامہ اکرام القادری کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں آئین کا مذاق بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دو صوبے بدامنی کی لپیٹ میں ہیں اور حکومت نئے صوبے بنانے کی بات کر رہی ہے۔ 
ان کے مطابق حکومت عوام کا اعتماد مکمل طور پر کھو چکی ہے، اس لیے 15 صوبے بنانے کا فیصلہ درست نہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ماضی میں فاٹا انضمام کا فیصلہ بھی ان کے بقول بدترین ثابت ہوا ہے۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سے بھی بات چیت جاری ہے، جبکہ اسمبلی میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر مشاورت کی جائے گی۔