ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا تو خطے میں موجود امریکی اثاثے بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔پیٹ ہیگسیتھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ ایران میں تیل اور گیس کی تنصیبات کسی سے پوشیدہ نہیں، اسی طرح خطے میں موجود امریکی تیل و گیس کمپنیوں کی سرگرمیاں بھی سب کے سامنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنی صلاحیتوں کا پہلے ہی مظاہرہ کر چکا ہے اور خطے میں ناقابل استعمال ہو چکے امریکی فوجی اڈے اس کا واضح ثبوت ہیں۔دوسری جانب ایرانی بحریہ کے کمانڈر شہرام ایرانی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران ضرورت پڑنے پر دشمن افواج کی کارروائیوں کو کسی بھی مقام پر مفلوج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی کارروائیوں نے مخالف قوتوں کو حیران کیا اور ان کی جنگی صلاحیتوں کو متاثر کیا۔ ایرانی بحریہ نے دشمن کے جنگی جہازوں کی آپریشنل صلاحیتوں کو طویل عرصے تک متاثر کیے رکھا جبکہ مخالف افواج کی مسلسل نگرانی بھی جاری ہے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق آبنائے ہرمز میں امریکی کوریڈور سے بحری جہازوں کا محفوظ گزرنا مشکل ہے، اس لیے محفوظ سفر کے خواہش مند بحری جہاز ایران کی جانب سے مقرر کردہ راستہ اختیار کریں۔پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ خلیج عمان میں داخل ہونے والا کوئی بھی بحری جہاز ممکنہ خطرات سے مکمل طور پر محفوظ نہیں۔ 
خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور بحیرہ عمان میں بحری سرگرمیوں اور جہازوں کی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔