چین کی بندرگاہ پر کھڑے ایک کارگو جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔چینی سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق چنگ ڈاؤ شہر کے ایک شپ یارڈ میں کارگو جہاز کی مرمت کا کام جاری تھا کہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر جہاز میں آگ لگ گئی۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت جہاز پر مجموعی طور پر 42 افراد موجود تھے، جن میں سے 17 کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ اسپتال منتقل کیے جانے والے پانچ افراد کی حالت بھی مستحکم بتائی گئی ہے۔سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں جہاز کا نام اوشن میلوڈی بتایا گیا ہے۔
190 میٹر طویل یہ مال بردار جہاز لائبیریا کے پرچم تلے سفر کر رہا تھا اور 31 اگست کو چنگ ڈاؤ کی بندرگاہ پر پہنچا تھا۔چینی حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے تین گھنٹے سے زائد کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا، تاہم آتشزدگی کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جہاز سے شدید اور گھنا دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا تھا، تاہم اس نے کسی دھماکے کی آواز نہیں سنی۔چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ اور ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔