اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ کشیدگی میں کمی اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عملدرآمد بہترین راستہ ہے۔
گفتگو کے دوران رافیل گروسی نے ضرورت پڑنے کی صورت میں پاکستان کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے منشور کے بنیادی مقاصد اور اصولوں کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا۔
نائب وزیراعظم نے عالمی امن اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اقوام متحدہ کے نظام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اسحاق ڈار نے رافیل گروسی کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے منصب کے لیے جاری انتخابی مہم میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔