اسلام آباد: سول سرونٹس کے اثاثوں کے گوشوارے ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایف بی آر کے تعاون سے نیا آن لائن نظام نافذ کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران اب اثاثوں کے گوشوارے دستی کے بجائے آن لائن جمع کرائیں گے، جس کے لیے ایف بی آر کا پورٹل بھی فعال کردیا گیا ہے۔
ایوان صدر، وزیراعظم آفس اور تمام وزارتوں کو نئے ڈیجیٹل نظام سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ سرکاری افسران کو 30 اکتوبر تک اپنے اثاثوں کے گوشوارے آن لائن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جمع کرائے گئے گوشواروں میں غلطی کی صورت میں اصلاح کے لیے 30 نومبر تک مہلت دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے ایف بی آر پورٹل پر اکاؤنٹ بنانا لازمی ہوگا، جس کے لیے افسران کو اپنا ذاتی ای میل ایڈریس فراہم کرنا ہوگا۔
ایف بی آر سرکاری افسران کے اثاثوں کی رسک بیسڈ بنیادوں پر جانچ کرے گا، جبکہ غلط بیانی یا معلومات چھپانے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اثاثوں کے گوشواروں کے منتخب غیر حساس حصے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر شائع کیے جائیں گے۔ گوشوارے مقررہ وقت پر جمع نہ کرانے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔