سپریم کورٹ نے مقدمات میں غیر ضروری التوا اور تاخیر سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اگر کسی فریق کو آخری موقع دیے جانے کے باوجود وہ اپنی شہادت پیش کرنے میں ناکام رہے تو ٹرائل کورٹ مقدمہ نمٹا سکتی ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مقدمات کے التوا اور فیصلوں میں تاخیر کی ذمہ داری صرف عدلیہ پر نہیں ڈالی جاسکتی بلکہ اس میں فریقین اور ان کے وکلا کا بھی کردار ہے۔ بار بار ملتوی کرنے کی درخواستیں اور مقررہ وقت پر شہادت پیش نہ کرنا عدالتی کارروائی میں تاخیر کی اہم وجوہات ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ وکلا کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنے موکلین کے گواہ اور متعلقہ شہادت عدالت میں پیش کریں۔ وکیل کی پیشہ ورانہ غفلت کے باعث موکل کو نقصان پہنچنے کی صورت میں اس کے خلاف تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ مقدمات کے فیصلوں کے لیے غیر معینہ مدت تک گواہوں یا شہادت کا انتظار نہیں کیا جاسکتا۔ جو فریق غفلت یا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرے، وہ مزید مہلت کا حق دار نہیں رہتا۔
عدالت نے قرار دیا کہ محض دعوے یا تحریری بیانات کو شہادت کا متبادل نہیں سمجھا جاسکتا بلکہ اپنے مؤقف کو قابل قبول شہادت کے ذریعے ثابت کرنا ضروری ہے۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ عدالتوں کو مقدمات کی بروقت سماعت اور فیصلوں کے لیے مؤثر کیس مینجمنٹ نظام اپنانا چاہیے۔ اگر کسی فریق نے متعدد وکلا کی خدمات حاصل کر رکھی ہوں تو ان میں سے کسی ایک وکیل کی عدم دستیابی کو مقدمہ ملتوی کرنے کی بنیاد نہیں بنایا جانا چاہیے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔