امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے حوالے سے کہا ہے کہ چاہے کوئی معاہدہ طے پائے یا نہ پائے، اس جنگ میں کامیابی امریکا کی ہوگی۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے اور خطے میں مزید امریکی فوجی دستے بھیجنے سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا یا تو ایک اچھا معاہدہ کرے گا یا پھر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کو اس وقت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے امریکی بحری جہازوں کی نقل و حرکت کا درست اندازہ نہیں ہو رہا، کیونکہ امریکی جہاز رات کے وقت وہاں سے گزرتے ہیں اور ایران کو ان کی موجودگی کا علم نہیں ہوتا۔ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کے ریڈار سسٹمز تباہ کیے جاچکے ہیں۔
انہوں نے ایران کی معاشی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں مہنگائی کی شرح 300 فیصد تک پہنچ چکی ہے اور ایرانی معیشت ایسی صورتحال سے دوچار ہے جس کا اس سے پہلے ملک نے سامنا نہیں کیا۔امریکی صدر نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ ہو یا نہ ہو، جاری جنگ کا نتیجہ امریکا کی فتح کی صورت میں نکلے گا۔اس سے ایک روز قبل بھی ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی تھی کہ ایران میں جاری جنگ اب اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے۔