نیویارک: ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسلام کے خلاف بڑھتے ہوئے تعصب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام دشمنی وبا کی صورت اختیار کرتی جا رہی ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ عالمی سطح پر اقوام متحدہ کی اہمیت بتدریج کم ہوتی جا رہی ہے، جبکہ اسلام کے خلاف نفرت اور تعصب میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
ترک صدر نے فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس کا مسلسل دوسرے سال جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہ ہونا فلسطینی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کی عکاسی کرتا ہے، جو عالمی ضمیر کے لیے باعثِ تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ آئندہ بھی اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام اور فلسطینی عوام کے مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔رجب طیب اردوان نے مسئلہ کشمیر کا بھی ذکر کرتے ہوئے اس کے حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔