لندن: برطانوی فضائیہ نے مبینہ طور پر دشمن کی جانب سے جاسوسی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے جدید سیٹلائٹ جیمنگ ٹیکنالوجی کا خفیہ استعمال شروع کردیا ہے۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق رائل ایئرفورس نے جدید الیکٹرانک وارفیئر سسٹم نصب کیا ہے، جس کا مقصد ممکنہ طور پر مخالف ریاستوں کو برطانوی فوجی سرگرمیوں اور تنصیبات کی نگرانی سے روکنا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ جدید آلات گزشتہ ایک سال سے فعال ہیں، تاہم انہیں طویل عرصے تک خفیہ رکھا گیا۔برطانوی میڈیا کے مطابق یہ ٹیکنالوجی بعض سیٹلائٹس کی نگرانی اور مشاہدے کی صلاحیت کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ذریعے ڈیٹا کی ترسیل میں بھی رکاوٹ ڈال سکتی ہے۔
رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ برطانیہ نے یہ ٹیکنالوجی کسی دوسرے ملک سے حاصل کی ہے یا اسے مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس جدید نظام کی نگرانی اور آپریشن رائل ایئرفورس کے ایک خصوصی یونٹ کے پاس ہے، جو برطانیہ کے خلائی انفرااسٹرکچر کے تحفظ کے لیے ذمہ دار ہے۔