تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت بالکل ٹھیک ہے اور ان کے چہرے اور ٹانگوں پر آنے والے زخم بھی مکمل طور پر مندمل ہو چکے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کو کسی خاص طبی مسئلے کا سامنا نہیں اور وہ طبی اعتبار سے مکمل صحت مند ہیں۔
ایرانی صدر کے مطابق ان کی سپریم لیڈر سے دو مرتبہ ملاقات ہو چکی ہے، جن میں سے ایک ملاقات 7 گھنٹے سے بھی زیادہ جاری رہی۔ انہوں نے بتایا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کے چہرے اور ٹانگوں پر موجود زخم اب ٹھیک ہو چکے ہیں۔
مسعود پزشکیان نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق کہا کہ ان کا ملک جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش نہیں کر رہا، جبکہ جوہری ہتھیار بنانا ایران میں حرام سمجھا جاتا ہے۔آبنائے ہرمز کھولنے کے حوالے سے سوال پر ایرانی صدر نے کہا کہ اگر ایرانی پیشکش قبول کی جاتی ہے تو تہران آبنائے ہرمز کھولنے اور مذاکرات دوبارہ شروع کرنے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکا آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے سے متعلق ایران کی پیشکش قبول کر لیتا ہے تو اسی روز مذاکرات کا عمل بھی بحال ہو جائے گا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔