واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں صورتحال انتہائی خراب ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ ایران کب ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کرے گا۔وائٹ ہاؤس میں مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو مصنوعی ذہانت کے میدان میں نمایاں برتری حاصل ہے اور وہ اس برتری کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہاں حالات بہت خراب ہیں اور فی الحال یہ کہنا مشکل ہے کہ ایران ہتھیار ڈالنے والا ہے یا نہیں۔امریکی صدر نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ عہدے پر موجود ہیں، کم جونگ اُن کے لیے صورتحال ٹھیک رہے گی۔
دوسری جانب ٹرمپ نے ٹیکنالوجی سے وابستہ حکام کے ہمراہ مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک دستاویز پر دستخط کیے۔ انہوں نے اس دستاویز کو سیکیورٹی اور تحفظ کی ایک شکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ٹرمپ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ رہنما خود احتسابی کے عمل کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔