پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے، جبکہ قیادت کے لیے صاحبزادہ فرحان کا نام زیرِ غور ہے۔ذرائع کے مطابق ایشین گیمز میں شرکت کرنے والی پاکستانی ٹیم کل وطن واپس پہنچے گی، جس کے بعد سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کو اسلام آباد میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی جا سکتی ہے۔قومی ٹیم کے ممکنہ اسکواڈ میں کئی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ احمد دانیال، سعد مسعود، حیدر علی اور وسیم جونیئر کو ٹیم میں برقرار نہ رکھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ تجربہ کار بیٹر بابر اعظم کی قومی ٹی 20 ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔
اس کے علاوہ شاداب خان، نسیم شاہ اور فخر زمان کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی ٹی 20 سیریز میں شمولیت متوقع نہیں ہے۔کپتانی کے معاملے پر بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سلمان علی آغا کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو قیادت سونپی جا سکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اسکواڈ کے باضابطہ اعلان کے بعد ہی واضح ہوگا۔پاکستانی ٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کل متوقع ہے، جس کے بعد سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم کی حتمی تشکیل سامنے آجائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی 20 بین الاقوامی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔