واشنگٹن: امریکا نے غیر ملکی مالیاتی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ ایران اور اس کے بینکاری نظام کے ساتھ تجارتی یا مالی لین دین جاری رکھنے کی صورت میں انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے ایسے مالیاتی اداروں کے ساتھ معاملات کرنے والے غیر ملکی بینکوں کو کسی بھی وقت اور پیشگی اطلاع کے بغیر پابندیوں کی زد میں لایا جاسکتا ہے۔
واشنگٹن نے غیر ملکی مالیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ایران سے متعلق تمام کاروباری لین دین اور مالی روابط فوری طور پر ختم کریں۔امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی دباؤ میں اضافے کے بعد خطے میں کشیدگی بھی بڑھی ہے۔
ایرانی جوابی کارروائیوں کے اثرات خلیجی ممالک تک پہنچے، جبکہ اہم تجارتی راستوں میں رکاوٹ کے باعث عالمی منڈی میں توانائی اور کھاد کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔امریکی حکام نے اگست کے اختتام سے ایران کو معاشی طور پر محدود کرنے کی کوششیں مزید تیز کردی ہیں۔
واشنگٹن نے اپنے اتحادی ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کو بھی خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کاروباری روابط برقرار رکھنے کی صورت میں انہیں ثانوی امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔