واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ معاہدے کیلئے اب بھی تیار ہے، تاہم تہران کو اپنے جوہری پروگرام میں لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورینیم افزودگی کی صلاحیت محدود کرنا ہوگی۔ایک خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کیلئے ایران کو اپنی جوہری افزودگی کی صلاحیت میں کمی لانا ضروری ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ ایران میں اہم فیصلے کس طریقہ کار کے تحت کیے جاتے ہیں۔امریکی نائب صدر نے مؤقف اختیار کیا کہ مستقبل میں جوہری سرگرمیوں میں کمی کی محض یقین دہانی کافی نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق اگر ایران جوہری ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا تو اسے 60 فیصد تک افزودہ ایندھن تیار کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران اگر یہ ثابت کرنا چاہتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا تو اسے انتہائی افزودہ ایندھن کی تیاری سے گریز کرنا ہوگا۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکا ایران کے ساتھ معاہدے کیلئے تیار ہے، تاہم اس کیلئے تہران کو اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے قابلِ ذکر لچک دکھانا ہوگی۔