امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں تیل کی قیمتوں میں جلد کمی آنے کا امکان ہے۔ وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی معیشت اس وقت ماضی کے مقابلے میں بہتر پوزیشن میں ہے، جبکہ امریکی اسٹاک مارکیٹ مسلسل نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور ڈالر کی قدر بھی مضبوط ہوئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دورِ صدارت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا میں آٹھ جنگیں ختم کرانے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی بڑی جنگوں کو رکوانے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں افراد کی جانیں بچیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ بعض تنازعات کے خاتمے میں ٹیرف بھی مؤثر ثابت ہوئے۔ ان کے مطابق آٹھ جنگیں رکوانے کی کوششوں کے باعث وہ نوبیل امن انعام کے مستحق ہیں، کیونکہ ان سے قبل کسی امریکی صدر نے اتنی جنگیں ختم کرانے میں کردار ادا نہیں کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی کوششوں کے نتیجے میں یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہوئی، جبکہ انہوں نے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے ایک بار پھر اس توقع کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوں گی۔