پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے لیے نامزد کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کی نامزدگی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب احمد جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی رکنیت سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے موجودہ ارکان کی تعیناتی کو دو سال مکمل ہوچکے ہیں، جس کے بعد سینیٹ اور قومی اسمبلی سے نئے ارکان کی نامزدگی کا عمل بھی جلد مکمل کیے جانے کی توقع ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے ارکان کی نئی تعیناتیاں معمول کے آئینی اور انتظامی عمل کا حصہ ہیں۔