اسلام آباد کی جانب پی ٹی آئی کے مارچ کے معاملے پر حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان باضابطہ مذاکرات ختم ہونے کے باوجود دونوں جانب رابطوں کا سلسلہ مکمل طور پر منقطع نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان رابطے جاری ہیں اور دونوں فریق کشیدگی کم کرنے کے ممکنہ راستوں پر بات چیت کر رہے ہیں۔
تازہ پیش رفت میں بیرسٹر گوہر اور محسن نقوی کے درمیان ایک اور ملاقات ہوئی ہے۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب باضابطہ مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے اور خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کو اس لیے بھی اہم قرار دیا جارہا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مارچ روکنے اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے متعدد نشستیں ہوچکی ہیں۔اطلاعات کے مطابق مذاکرات کے دوران بعض سیاسی اور قانونی معاملات پر پیش رفت بھی ہوئی، تاہم خیبر پختونخوا میں انسدادِ دہشت گردی سے متعلق امور پر اختلافات کے باعث بات چیت کسی حتمی نتیجے تک نہ پہنچ سکی۔
رابطوں سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ باضابطہ مذاکرات کا اختتام حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان سیاسی رابطوں کے مکمل خاتمے کے مترادف نہیں، دونوں جانب غیر رسمی رابطوں کے ذریعے معاملات کو سلجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔