کراچی: سندھ حکومت نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ اہم اجلاس کیا، جس میں آٹے کی فی کلو قیمت 6 روپے کم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کمشنر کراچی اور سیکریٹری خوراک غلام عباس نائچ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ فلور ملز کی جانب سے صرف ایک روز کے دوران آٹے کی قیمت میں 15 سے 16 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا، جس کا وزیراعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری نے بھی نوٹس لیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آٹے کی ایکس مل قیمت 161 روپے سے کم کرکے 155 روپے فی کلو مقرر کی جائے گی، جس سے فی کلو قیمت میں 6 روپے کمی ہوگی۔مخدوم محبوب الزمان نے بتایا کہ سندھ حکومت نے محکمہ زراعت کے ذریعے گندم کے کاشتکاروں کو 76 ارب 50 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کی ہے۔
ان کے مطابق رواں سال صوبے میں گندم کی ریکارڈ پیداوار بھی حاصل ہوئی ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گندم کی پیداوار میں اضافے اور حکومتی معاونت کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ تشویش ناک ہے، اس لیے قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر عمل درآمد ضروری ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔