امریکا اور روس کے درمیان ڈیزل کی فراہمی سے متعلق معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تقریباً 2 فیصد نیچے آگئیں، جس کے نتیجے میں امریکی خام تیل 90 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی برینٹ کروڈ 103 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ روس امریکا اور عالمی مارکیٹ کو فوری طور پر 3 لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل فراہم کرے گا۔ ان کے مطابق نومبر میں مزید 5 لاکھ ٹن جبکہ نومبر کے بعد اضافی 10 لاکھ ٹن ڈیزل بھی فراہم کیا جائے گا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ان کی ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو انتہائی کامیاب رہی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد جلد نمایاں کمی آئے گی۔دوسری جانب کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں یوکرین تنازع کے خاتمے، امن مذاکرات کی بحالی اور ایران کی صورتِ حال پر بات چیت ہوئی۔
یہ ٹیلی فونک رابطہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا۔روسی صدارتی دفتر کے مطابق صدر پیوٹن نے یوکرین کے حوالے سے امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے ممکنہ وقت پر غور کرنے کی بات کی، جبکہ ٹرمپ نے ایران تنازع کے حل میں روس کے کردار کو سراہا۔کریملن کے مطابق پیوٹن نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ امریکی مارکیٹ میں روسی تیل کی فراہمی عالمی معیشت کے لیے مثبت نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔