اسرائیلی کمپنی کی جانب سے آن لائن اشتہارات کے نظام کو انٹرنیٹ صارفین کی جاسوسی اور ان کے ڈیجیٹل آلات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے استعمال کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ کمپنی ’ڈسکور ٹیک‘ نے اشتہارات کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے صارفین کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھنے اور ان کے آلات کو ہیک کرنے میں مدد فراہم کی۔
یہ انکشاف دو تحقیقی اداروں نے اپنی الگ الگ رپورٹس میں کیا۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈسکور ٹیک کی خدمات کے ذریعے اسرائیلی اسپائی ویئر کمپنی ’کینڈیرو‘ سمیت دیگر نگرانی کرنے والی کمپنیوں کو گوگل، کامکاسٹ اور روسی کمپنی یانڈیکس کے اشتہاری پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل ہوئی۔
کینیڈا کے سائبر نگرانی کے ادارے ’سٹیزن لیب‘ اور نیویارک میں قائم اشتہاری سکیورٹی فرم ’کنفائنٹ‘ کی تحقیقات کے مطابق آن لائن اشتہارات کا نظام، جو پہلے ہی صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ کے حوالے سے خدشات کا باعث ہے، وسیع پیمانے پر نگرانی اور جاسوسی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سٹیزن لیب کے سینئر محقق وولفی کرسٹل نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن اشتہارات کا موجودہ نظام سکیورٹی کے لیے ایک سنگین اور بنیادی خطرہ بن چکا ہے، جس کے اثرات حکومتوں، نجی شعبے، سول سوسائٹی اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔