یمنی حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر مسلسل دوسرے روز بھی فضائی حملے کیے گئے ہیں۔دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہو گئے۔ اس حملے سے ایئرپورٹ کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق دمام آنے والی تمام پروازوں کا رخ فوری طور پر تبدیل کر دیا گیا۔
مشرقی صوبے میں سکیورٹی فورسز نے دیگر حملے ناکام بناتے ہوئے چار ڈرونز فضا میں ہی تباہ کر دیے۔ اس سے قبل حوثیوں نے آرامکو کی شیبہ آئل فیلڈ پر بھی ڈرون حملہ کیا تھا۔سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق آئل فیلڈ پر گرنے والے ڈرون کے ملبے کی زد میں آ کر دو غیر ملکی کارکن جاں بحق ہو گئے، جن کا تعلق نیپال اور فلپائن سے تھا۔
، جبکہ ایک پاکستانی اور ایک بھارتی شہری اس واقعے میں زخمی ہوئے۔ حکام نے واضح کیا کہ اس حملے کے باوجود تیل کی تنصیبات پر معمول کا کام اور آپریشنز بلا تعطل جاری رہے۔دوسری جانب، یمنی فورسز کی جانب سے حوثیوں کے خلاف "فجر الیمن" کے نام سے فوجی آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران حوثی ملیشیا کے خلاف 835 کارروائیاں کی گئیں، جن میں 285 جنگجو ہلاک اور ان کا عسکری ساز و سامان اور گاڑیاں تباہ کر دی گئیں۔