فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ضبط شدہ اشیاء کی بولی میں شفافیت لانے کے لیے آن لائن نیلامی کے جدید ضوابط کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سیلز ٹیکس رولز 2026 میں ایک الگ چیپٹر شامل کر دیا گیا ہے۔ نئے الیکٹرانک سسٹمز کے تحت اگر نیلامی میں کسی قسم کی دھاندلی یا دھوکہ دہی کا ثبوت ملا تو نیلام کی گئی اشیاء واپس حاصل کی جا سکیں گی۔
مزید برآں، غیر قانونی ہتھیاروں، منشیات اور نقل/جعلی سامان کی بولی پر مکمل طور پر قدغن لگا دی گئی ہے۔حکومتی دستاویزات کے مطابق آئندہ تمام تر نیلامی صرف ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ہی انجام پائے گی۔ بولی میں شرکت کے خواہشمند افراد کے لیے قومی شناختی کارڈ اور 25 ہزار روپے کی یکمشت فیس کے ساتھ آن لائن اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کے بعد ہر امیدوار کو ایک خصوصی شناختی نمبر الاٹ کیا جائے گا۔سامان کی بنیادی قیمت کے تعیین کے لیے ایک خصوصی تجزیاٹی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ آن لائن بولی کا عمل 72 گھنٹے تک جاری رہے گا۔
اگر مسلسل تین بار نیلامی میں کوئی خریدار نہ ملے تو بنیادی قیمت میں 10 فیصد تک رعایت دی جا سکے گی، جبکہ غیر معمولی صورتحال میں مقررہ قیمت کے 80 فیصد کے برابر بولی بھی منظور کی جا سکے گی۔بولی جیتنے والے شخص کو 7 دن کے اندر اندر تمام واجبات، ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی ادائیگی کرنا ہوگی، جس کی تکمیل پر ڈیجیٹل ریلیز آرڈر جاری کر دیا جائے گا۔ مقررہ مدت میں رقم جمع نہ کروانے کی صورت میں بولی دہندہ کی ضمانتی رقم ضبط کر لی جائے گی اور کمشنر کے پاس نیلامی منسوخ کرنے کا پورا اختیار ہوگا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔