سعودی عرب نے عالمی سطح پر توانائی کی فراہمی کو محفوظ بنانے کے لیے سنگاپور میں اپنا خام تیل ذخیرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی آرامکو اور سنگاپور کے درمیان منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کے تحت 2027 سے سعودی خام تیل زیرِ زمین ذخیرہ کرنے والی تنصیبات میں رکھا جائے گا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سنگاپور کے وزیر برائے توانائی، تجارت اور صنعت تان سی لینگ نے پیر کو سنگاپور انرجی لیکچر 2026 کے دوران اس مشترکہ منصوبے کا اعلان کیا۔
منصوبے کے تحت سعودی آرامکو 2027 کی دوسری ششماہی سے سنگاپور میں سمندر کے نیچے قائم ذخیرہ گاہوں میں سعودی خام تیل محفوظ کرنا شروع کرے گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر تیل کی ترسیل میں ممکنہ رکاوٹوں سے نمٹنا اور توانائی کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث رواں سال عالمی توانائی کی منڈی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حوثیوں کے حالیہ حملوں نے بھی خطے میں توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات میں اضافہ کیا ہے۔
سنگاپور کے وزیر تان سی لینگ نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں پیدا ہونے والا موجودہ بحران توانائی کی ترسیل میں آخری رکاوٹ نہیں ہوگا، بلکہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے مسائل سامنے آسکتے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور توانائی کے ذخائر کو محفوظ بنانا اہمیت رکھتا ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔