لاہور ہائیکورٹ کا بیرون ملک مقیم والد کو ہر بچے کے لیے 30 ہزار روپے ماہانہ ادا کرنے کا حکم
لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک مقیم والد کو ہر بچے کے نان و نفقہ کی مد میں ماہانہ 30 ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ والدین کی علیحدگی یا ازدواجی رشتہ ختم ہونے کے باوجود بچوں کی مالی کفالت کی ذمہ داری برقرار رہتی ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے صائقہ کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے بچوں کا ماہانہ نان و نفقہ 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے فی بچہ مقرر کرنے کی ہدایت کی۔عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ والد کی محدود آمدن بچوں کی کفالت سے پہلو تہی کرنے کا جواز نہیں بن سکتی۔ نان و نفقہ کی رقم مقرر کرتے وقت والد کی مالی حیثیت اور بچوں کی ضروریات کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ والد کی حقیقی آمدن اور اس کے کام کی نوعیت کا تعین دستیاب شواہد کی بنیاد پر کیا جانا ضروری ہے۔ 
اس ضمن میں عدالت نے برطانوی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر درج کم از کم اجرت کے اعداد و شمار کا بھی حوالہ دیا۔عدالتی حکم کے مطابق بچوں کے نان و نفقہ میں سالانہ 10 فیصد اضافہ نومبر 2019 سے شمار کیا جائے گا۔مقدمے کی تفصیلات کے مطابق درخواست گزار صائقہ کی شادی زاہد اقبال سے 2010 میں ہوئی تھی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں بچوں کی کفالت کی ذمہ داری اور نان و نفقہ کے تعین سے متعلق اہم اصول بھی واضح کیے۔