کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کی جانب سے ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی اور پانچوں ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع خاران کے علاقے البٹ میں قائم سیکیورٹی چیک پوسٹ کو کم درجے کے ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے تمام پانچ ڈرونز تباہ کر دیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا اور دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھنے کا عزم رکھتی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بولیدہ کے مقام مینازمیں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گرد دو خواتین کو اپنے ساتھ لے جاتے ہوئے ناکہ بندی کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔اس دوران سیکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔