امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کو تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں ابتدائی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹ امیدواروں کو برتری حاصل ہے جبکہ ریپبلکن امیدوار کئی نشستوں پر پیچھے ہیں۔

انتخابی نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ مڈٹرم انتخابات کے نتائج قبول کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود انتخابی بیلٹ پر موجود نہیں تھے، اگر ایسا ہوتا تو ریپبلکنز بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر مختلف معاملات پر کام کرنے کے خواہش مند ہیں اور دونوں جماعتوں کے درمیان بعض امور پر اتفاق رائے بھی پیدا ہوسکتا ہے۔

امریکی صدر کے مطابق امیگریشن کے معاملے پر ڈیموکریٹس کے ساتھ تعاون کیا جاسکتا ہے، تاہم اگر ان کی جانب سے کوئی غیر مناسب تجاویز سامنے آئیں تو وہ انہیں ویٹو کردیں گے۔

کابینہ میں ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں فی الحال کابینہ میں ردوبدل کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔

دوسری جانب انتخابی نتائج کے تناظر میں ایران جنگ کو بھی ریپبلکنز کی انتخابی کارکردگی پر اثر انداز ہونے والے عوامل میں شمار کیا جا رہا ہے۔