سعودی عرب نے خبردار کیا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے کسی بھی ممکنہ حملے کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا اور ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران عالمی بحری راستوں اور توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مذمت کی گئی۔ کابینہ نے سمندری تجارتی راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

سعودی کابینہ نے خلیج تعاون کونسل (GCC) اور گروپ آف 20 (G20) کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ سعودی عرب اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی حملے کی صورت میں مناسب اور بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔