پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی اسکواڈ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عبداللہ فضل اور علی عثمان کو اسکواڈ جوائن کرنے سے پہلے ہی فارغ کردیا گیا ہے۔ عبداللہ فضل کی جگہ طیب عارف جبکہ علی عثمان کے متبادل کے طور پر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پیٹرنز الیون کے فاسٹ بولرز علی شبیر اور ثاقب خان کو بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے دونوں کھلاڑیوں کو ریلیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کو بتایا گیا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لیے گرین ٹاپ وکٹ تیار کی جارہی ہے، جس کے باعث اسکواڈ میں مخصوص طرز کے کھلاڑیوں کی ضرورت ہوگی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 9 نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے 14 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں نوجوان اور نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ کی قیادت بابر اعظم کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ سمیع منہاس، محمد طحٰہ اور محمد سلیمان پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

ابتدائی اسکواڈ میں عبداللہ فضل، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، رضا اللہ، سعود شکیل، غازی غوری، سعد بیگ، سلمان آغا اور علی عثمان سمیت دیگر کھلاڑی بھی شامل تھے، تاہم بعد ازاں عبداللہ فضل اور علی عثمان کو ریلیز کردیا گیا۔