مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب دو مسافر ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 112 مسافر زخمی ہوگئے۔

مصر کی ریلوے اتھارٹی کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گیزہ سے فیوم جانے والی مسافر ٹرین قاہرہ سے اسوان کی جانب روانہ ہونے والی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا۔ حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں امدادی اہلکاروں اور شہریوں کو متاثرہ بوگیوں میں پھنسے اور زخمی مسافروں کی تلاش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے متعلقہ حکام کو حادثے کی مکمل تحقیقات کرنے اور اگر کسی کی غفلت ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کردی ہے۔

حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کے پیش نظر ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔