بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے تقریباً دو سالہ جلاوطنی کے بعد وطن واپس آنے کی تیاری شروع کردی ہے اور اس مقصد کے لیے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست دے دی ہے۔
شیخ حسینہ کو عوامی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں حکومت سے بے دخل کیے جانے کے بعد بنگلہ دیش چھوڑنا پڑا تھا۔ دوسری جانب موجودہ بنگلہ دیشی حکومت ان کی بھارت سے حوالگی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ تاہم ماضی میں حکومت کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی گئی تھی کہ وطن واپسی کے لیے سابق وزیراعظم کو نئی شناختی دستاویزات درکار ہیں۔
سابق وزیراعظم نے رواں ماہ امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہر صورت دسمبر میں بنگلہ دیش واپس جائیں گی۔
اب لندن میں تعینات بنگلہ دیش کے ایک اعلیٰ سفارت کار کو ای میل کے ذریعے ارسال کیے گئے خط میں شیخ حسینہ کے وکیل نے ان کے لیے نیا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے سلسلے میں ضروری قانونی کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔
شیخ حسینہ کے معاون ابو عبیدہ آرین نے اس پیش رفت کو ان کی وطن واپسی کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سابق حکومت کی جانب سے شناختی دستاویزات منسوخ کیے جانے کے بعد شیخ حسینہ اپنی بنیادی شہری حیثیت اور حقوق کی بحالی کے ساتھ ضروری دستاویزات کے حصول کی منتظر ہیں۔
ابو عبیدہ آرین نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم دسمبر تک وطن واپس آنے کے اپنے ارادے پر قائم ہیں اور وہ ہر صورت بنگلہ دیش لوٹیں گی۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔