وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام یا موجودہ انتظامی ڈھانچے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ پارلیمنٹ میں کیا جائے گا۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق اگر قانون سازی کا عمل ابھی مکمل کرلیا جائے، جبکہ اس پر عملی پیش رفت آئندہ انتخابات کے بعد ہو، تو اس تجویز کی قابل عمل ہونے پر سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کرانے یا نہ کرانے سمیت اس کے سوالات کا تعین کرنے کا اختیار بھی پارلیمنٹ کے پاس ہے۔
انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے تقریباً ڈیڑھ ماہ تک مولانا فضل الرحمان سے مسلسل مشاورت کی جاتی رہی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے ملاقاتیں کرتے رہے اور ترمیم کی ہر شق پر تفصیلی بحث کے بعد اتفاق رائے قائم کیا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئینی عدالت کا قیام دراصل 26ویں ترمیم کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل تھی۔ ان کے بقول حکومت کی ترجیح ہے کہ مطلوبہ پارلیمانی حمایت حاصل کرنے کے بعد ہی کوئی آئینی ترمیم ایوان میں پیش کی جائے۔
28ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فی الحال حکومت نے اس سلسلے میں کوئی تیاری نہیں کی، اس لیے ابھی کسی سیاسی جماعت یا رہنما سے مشاورت کا مرحلہ بھی شروع نہیں ہوا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔