ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر میں لوہے اور اسٹیل تیار کرنے والی فیکٹری میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 12 دیگر زخمی ہوگئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد فیکٹری کے ملازمین ہیں۔ واقعے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں فیکٹری کے اندر شدید آتشزدگی اور فضا میں دھوئیں کے گھنے بادل بلند ہوتے دکھائی دیے۔

مقامی گورنر کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک متبادل بوائلر منتقل کرنے کے لیے استعمال ہونے والی کرین اچانک گر گئی، جس کے باعث اس پر لدا سامان نیچے موجود بھٹی میں جا گرا اور زوردار دھماکا ہوگیا۔

واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ زمین لرز اٹھی، جس پر ابتدا میں بعض افراد کو محسوس ہوا کہ شاید زلزلہ آیا ہے۔

ازمیر کے گورنر سلیمان البان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ حادثے کے بعد کچھ افراد اب بھی ملبے تلے پھنسے ہو سکتے ہیں۔