ایرانی عوام کی معاشی مشکلات سے متعلق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے بیان پر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں عباس عراقچی نے کہا کہ تقریباً آٹھ سال قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی اسی نوعیت کا بیان دیا تھا کہ ایرانی عوام کو خوراک حاصل کرنے کے لیے وائٹ ہاؤس کے احکامات تسلیم کرنا ہوں گے، جبکہ اب مارکو روبیو بھی اسی طرح کے مؤقف کو دہرا رہے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مارکو روبیو کے اپنے ہم وطن کیوبا کے شہری بھی امریکی پابندیوں کے اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ امریکی پالیسیوں کا مسئلہ صرف ان کا غیر انسانی ہونا نہیں بلکہ امریکی قیادت کا زمینی حقائق سے دور رہنا بھی ہے، جو واشنگٹن کی مسلسل ناکامیوں کی ایک بڑی وجہ بن رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے بیان میں ایرانی عوام کو درپیش معاشی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں خوراک سمیت روزمرہ زندگی کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔