نائن الیون کے بعد امریکا کو ایک بڑے فضائی بحران کا سامنا کرنا پڑا، جہاں مواصلاتی نظام میں تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں ہزاروں پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ڈیٹا کے غیر معمولی دباؤ کے باعث فضائی مواصلاتی نظام تقریباً چار گھنٹے تک تعطل کا شکار رہا، جس سے 15 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔ اس دوران پانچ ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ کرنا پڑیں جبکہ 10 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

صورتحال کے باعث مختلف ہوائی اڈوں پر مسافروں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، انتظار گاہوں میں جگہ کم پڑنے لگی جبکہ پارکنگ ایریاز بھی گاڑیوں سے بھر گئے۔ تقریباً چار گھنٹے کی بدنظمی کے بعد فضائی آپریشن بتدریج بحال ہونا شروع ہوگیا۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روکنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ حکام کے مطابق اس بحران کے پیچھے نظام کی تکنیکی خرابی تھی اور تاحال کسی سائبر حملے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی واضح کیا کہ پروازوں کا نظام سائبر حملے کے باعث متاثر نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی آپریشن میں تعطل کی وجہ پرانا ٹیکنالوجی نظام ہوسکتا ہے، تاہم انتظامیہ پہلے ہی پرانے فضائی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔