پنجاب میں بہتر طرزِ حکمرانی کے حکومتی دعوؤں کے باوجود عوام کو مختلف بنیادی مسائل کا سامنا ہے۔ مہنگائی، صفائی کی ناقص صورتحال، فضائی آلودگی اور انتظامی کمزوریوں نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ کہیں آٹا اور روٹی کی بڑھتی قیمتیں عوام کے لیے پریشانی کا باعث ہیں تو کہیں کچرے کے ڈھیر حکومتی صفائی کے نظام کی کارکردگی پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ دوسری جانب پولیس کے احتساب اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بھی تنقید کی زد میں ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور علاقوں میں آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ قلت سے متعلق شکایات بھی سامنے آرہی ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں جگہ جگہ جمع کچرے کے ڈھیر صفائی کے انتظامات کی ناقص صورتحال کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

ادھر فضائی آلودگی اور اسموگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات بھی تاحال خاطر خواہ نتائج دینے میں ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔ لاہور بدستور زہریلی اسموگ کی لپیٹ میں ہے، جس کے باعث شہریوں کو سانس اور دیگر طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پولیس کے احتسابی نظام سے متعلق سامنے آنے والے اعداد و شمار نے بھی کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ گزشتہ دس ماہ کے دوران لاہور پولیس کے 105 اہلکاروں کے خلاف 51 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ پولیس کمپلینٹ سیل کو موصول ہونے والی شکایات کی تعداد ایک لاکھ پانچ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔