ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کو فوجی طاقت یا دھمکیوں کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا، بلکہ اس کے خاتمے کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے تنازع کے حل کے لیے پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ خطے کے ممالک کو باہمی رابطوں اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے باعث خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں سکیورٹی کی صورتحال متاثر ہوئی ہے۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز کی صورتحال کو ایران سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔
عباس عراقچی نے زور دیا کہ علاقائی ممالک اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے عدم جارحیت کے اصولوں پر مبنی نظام تشکیل دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کی روک تھام ناگزیر ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو معمول پر لانے کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان دیرپا تعاون اور مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔