اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اگر امریکا تہران کی پیش کردہ شرائط قبول کر لیتا ہے تو ایران دو روز کے اندر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے بتایا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے امریکا کے ساتھ جاری جنگ ختم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق ایران کے منصوبے کی حمایت کی ہے۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستان کی جانب سے ثالثی کے کردار سے مطمئن ہے اور تہران اسلام آباد کی سفارتی کوششوں کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی حکومت کی جانب سے ایرانی شرائط تسلیم کیے جانے کی صورت میں آبنائے ہرمز کھولنے میں دو دن سے زیادہ وقت نہیں لگے گا۔
ای سی او وزارتی کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ خطے میں باہمی رابطوں کو فروغ دینے، تجارتی سرگرمیوں کو آسان بنانے اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے علاقائی استحکام مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی تعاون کے ذریعے بیرونی خطرات اور دیگر ممالک پر انحصار کم کیا جا سکتا ہے، جس سے خطے کو زیادہ خودمختار اور مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔
ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق ایک جدید اور مؤثر تجارتی معاہدہ رکن ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ، معاشی استحکام میں اضافے اور خطے کے عوام کے لیے نئے اقتصادی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔