پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں محض 98 رنز پر آل آؤٹ کردیا۔

سری لنکا کی جانب سے کوشال مینڈس 32 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ سونل دینوشا نے 21 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کمندو مینڈس 8، دنیش چندی مل 7، پسیندو سوریا بندارا 4، لاہیرو ادارا 4 اور دھننجایا ڈی سلوا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے رضا اللہ، محمد عباس اور عامر جمال نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستانی باؤلرز نے اننگز کے آغاز ہی سے سری لنکن بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا اور ابتدائی مرحلے میں ہی نصف ٹیم کو 50 رنز مکمل ہونے سے قبل آؤٹ کردیا۔

واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حریف ٹیم کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور عرفات منہاس کی جگہ آل راؤنڈر عامر جمال کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا تھا۔ اس میچ میں پاکستان نے پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی تھی، جبکہ سری لنکا نے جواب میں 446 رنز بنائے تھے۔

پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے تھے۔ پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی اسپنر ثاقب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔