ڈیلس: امریکی ریاست ٹیکساس میں عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کرانے کے معاملے پر گورنر گریگ ایبٹ کے خلاف وفاقی عدالت میں قانونی مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے۔
کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR) اور اس کی ٹیکساس شاخ نے دائر مقدمے میں گورنر گریگ ایبٹ کے علاوہ گرینڈ پریری شہر کی انتظامیہ کو بھی فریق بنایا ہے۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کرانے کے لیے حکومتی دباؤ ڈالنا مذہبی آزادی اور امریکی آئین میں شہریوں کو دیے گئے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
تقریب کی منتظم ڈاکٹر امینہ نائٹ کا کہنا ہے کہ حکام کے اقدامات سے مذہبی آزادی کے آئینی حق کو نقصان پہنچا ہے اور شہریوں کے مذہبی اجتماعات کے انعقاد کے حق کو متاثر کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گورنر گریگ ایبٹ نے گرینڈ پریری کی انتظامیہ کو خبردار کیا تھا کہ اگر شہر کے زیرانتظام ایپک واٹرز واٹر پارک میں عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ نہ کی گئی تو 5 لاکھ 30 ہزار ڈالر کی سرکاری مالی معاونت روک دی جائے گی۔ اس دباؤ کے بعد انتظامیہ نے تقریب منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ادھر ٹیکساس میں مسلم تنظیموں کے حوالے سے گورنر گریگ ایبٹ کے اقدامات بھی قانونی اور سیاسی سطح پر زیر بحث ہیں۔ نومبر 2025 میں انہوں نے کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے خلاف تنظیم کی جانب سے عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔