امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم امریکی سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی مبینہ منصوبہ بندی کے الزام میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ کو نیویارک کی وفاقی عدالت نے 330 ماہ قید کی سزا سنائی۔ انہیں دہشت گردی اور معاوضے کے عوض قتل کی سازش سے متعلق الزامات میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔

امریکی استغاثہ کا دعویٰ تھا کہ آصف مرچنٹ نے 2024 میں مبینہ طور پر ایرانی ہدایات پر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت امریکا کی اہم سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔ ممکنہ اہداف میں سابق امریکی صدر جو بائیڈن اور ریپبلکن رہنما نکی ہیلی کے نام بھی شامل تھے۔

امریکی حکام کے مطابق اس مبینہ منصوبے کا مقصد 2020 میں امریکی حملے کے نتیجے میں ایرانی فوجی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینا تھا۔

استغاثہ کے مطابق آصف مرچنٹ نے اپریل 2024 میں اپنے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے ایک شخص کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم مذکورہ شخص نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دے دی اور خفیہ مخبر کے طور پر کام شروع کر دیا۔ بعد ازاں حکام نے آصف مرچنٹ کو گرفتار کر لیا۔

مقدمے کی سماعت کے دوران آصف مرچنٹ نے اعتراف کیا کہ ان کے ایرانی پاسداران انقلاب سے وابستہ افراد کے ساتھ رابطے تھے۔ تاہم ان کا مؤقف تھا کہ ایران میں موجود اپنے اہل خانہ کی سلامتی کے خدشات کے باعث وہ دباؤ میں اس منصوبے کا حصہ بنے۔

دوسری جانب ایران نے ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر امریکی عہدیداروں کو قتل کرنے کی مبینہ سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔