امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر ممکنہ فوجی حملے سے متعلق حتمی فیصلے کو نئے سال کے آغاز تک مؤخر کرنے کا اشارہ دے دیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے 'فاکس نیوز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف آئندہ کیا حکمتِ عملی اختیار کرنی ہے، اس کا جائزہ یکم جنوری کے بعد لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے میں کسی قسم کی جلد بازی نہیں کر رہے اور نئے سال کے آغاز پر ابھرنے والی صورتحال کو دیکھ کر ہی کوئی قدم اٹھائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام کو مؤثر طور پر روک دیا ہے، جس کے باعث تہران کے لیے ایٹمی ہتھیار بنانا انتہائی دشوار ہو گیا ہے، تاہم ان کے بقول ایران اب کیمیائی گیسوں اور دیگر متبادل ذرائع پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں کہ آیا ایران پر نئی کارروائی رواں برس فروری کے آغاز میں چھڑنے والی جنگ کے وقت کے آس پاس کی جا سکتی ہے، امریکی صدر نے کہا کہ اس آپشن کا امکان بھی موجود ہے۔

ادھر خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایران کی مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری سے جڑی انٹیلی جنس معلومات امریکا کے حوالے کی ہیں، جبکہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی 'موساد' کے سربراہ نے بھی حالیہ دورہ امریکا کے دوران ایران کے خلاف مشترکہ کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کی حمایت کی ہے۔ دوسری جانب تہران واشنگٹن میں ممکنہ کیمیائی حملوں سے متعلق شائع ہونے والی میڈیا رپورٹس کو پہلے ہی بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر چکا ہے۔