تہران نے جوہری مواد کے حوالے سے ثالثی کرنے والے ممالک کی تجاویز کا جائزہ لینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ افزودہ یورینیئم کو ملک سے باہر منتقل کرنا ایران کے لیے ناقابلِ عبور حد (ریڈ لائن) ہے، تاہم اس معاملے کا کوئی باہمی طور پر قابلِ قبول راستہ نکالا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کے ساتھ ایک ایسا پائیدار معاہدہ چاہتا ہے جو مستقبل میں دوبارہ جنگ چھڑنے کے خطرات کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اگرچہ ایران کی جوہری پالیسی اور نظریے میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں آئی، لیکن ایٹمی مواد سے جڑی ثالثوں کی چند تجاویز ایسی ہیں جن پر غور کیا جا سکتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے مطابق واشنگٹن کے ساتھ بات چیت آگے بڑھانے کے لیے تہران کی بنیادی شرط یہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کھلے عام معاہدے کی خواہش کا اعلان کریں، اور اگر امریکا واقعی سنجیدہ ہے تو اسے اپنے رویے میں لچک لانی ہوگی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ثالثوں کے ذریعے پیغام رسانی کا عمل جاری ہے اور امریکا کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات پر گفتگو بھی ہوئی ہے، تاہم تہران کی جانب سے دیے گئے دو روزہ منصوبے پر واشنگٹن کا ردعمل ابھی تک نہیں آیا۔ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا کہ ایران کا پیش کردہ یہ منصوبہ دونوں فریقین کے تحفظات اور مطالبات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔