عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس 11 دسمبر کو طلب کر لیا گیا ہے، جس میں پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی اگلی قسطوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے موجودہ قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مختص پروگرام کے تحت 21 کروڑ ڈالر کی قسط کی منظوری کا معاملہ زیر غور آئے گا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اکتوبر میں اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا، جس کے بعد قرض پروگرام کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار ہوئی۔
پاکستان کے لیے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت پانچویں قسط کے حصول کے لیے چوتھا جائزہ اجلاس اکتوبر میں منعقد ہوا تھا۔
اسی طرح موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی (آر ایس ایف) پروگرام کے تیسرے جائزے کے لیے بھی مذاکرات کیے گئے تھے، جس کے تحت پاکستان کو 21 کروڑ ڈالر کی اضافی مالی معاونت ملنے کی توقع ہے۔
آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کی صورت میں پاکستان کو دونوں پروگراموں کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی رقم موصول ہو سکے گی۔
تبصرے
تبصرے صرف مکمل صفحہ پر دیکھے اور کیے جا سکتے ہیں۔