ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف اور خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی نے کہا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے سے وہ ایرانی افواج کی رسائی سے باہر نہیں ہوں گے۔

ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق علی عبداللہی نے بسیج تنظیم کے سربراہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ جنگ کے دوران امریکی فوجی اڈوں کو بھاری نقصان پہنچا، جس کے باعث ان کا بڑا حصہ غیر فعال ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ کئی امریکی فوجی اڈے اب تک اپنی سابقہ آپریشنل صلاحیت بحال نہیں کرسکے۔ امریکا خطے میں اپنے فوجی اڈوں کو مزید دور دراز علاقوں میں منتقل کرنے کی کوشش کررہا ہے، تاہم ایرانی مسلح افواج ضرورت پڑنے پر ان اڈوں کو کہیں بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

علی عبداللہی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے سمندر میں اپنے مقررہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور مخالف فریق کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کو ایران کے حقوق اور مفادات کا احترام کرنا ہوگا اور اپنا طرز عمل تبدیل کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔